ملکی دفاع ناقابل تسخیر اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، سینیٹر ثمینہ

November 28, 2022

کوئٹہ (پ ر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباداورانتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے دونوں سربراہان کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاک فوج میں نئی تقرریاں ملک کے لئے نیک شگون اور احسن اقدام ہے ۔ ملک کی سلامتی اور اداروںں کے استحکام کے لئے پاک فوج نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور آئندہ بھی اس تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے پاک فوج اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائے گی اور ملکی سلامتی اور مفادات پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر اورانتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل عاصم منیر پاک فوج کے بہادر اور قابل فخر افسران ہیں اور ان کی زندگیاں وطن کے لئے خدمات اور کارناموں سے سجی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل عاصم منیر پاک فوج میں بڑے دلیر اور اصول پسند آفیسر زکے طور پر جانے جاتے ہیں اوران کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی پاکستان کے لئے خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے کہا پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا اعتراف دنیا کے بڑے بڑے جرنیل کر چکے ہیں ۔ پاک بھارت جنگ کے بعد دنیا بھر میں اس حوالے سے جو کتب لکھی گئیں ان میں پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی حکمت عملیوں کی کھل کرتعریف کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان شیر دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں، پوری قوم اپنے شیروں کے ساتھ ہے۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھاایک ہے اورایک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرکی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام امن و امان اور تیز رفتار ترقی کے لئے پاک افواج کے ساتھ ہیں اور اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔