وہ (مجموعۂ مضامین)

December 04, 2022

مصنّفہ: عروج دبیر

صفحات: 208، قیمت: 500 روپے

ناشر: آواز پبلی کیشنز، اقبال مارکیٹ، کمیٹی چوک، راول پنڈی۔

زیرِنظرکتاب مصنّفہ کا پانچواں نثری مجموعہ ہے، جس میں ان کے 12 مزاحیہ مضامین اور دس خاکے شامل ہیں۔ جہاں تک مضامین کی بات ہے، اُن میں طنزومزاح کے ساتھ شگفتگی اور برجستگی بھی مل جائے گی، لیکن خاکوں میں خاکوں والی بات نہیں۔ خاکہ اگر مضمون بن جائے، تو اس کی افادیت ختم ہو جاتی ہے۔ انہیں چاہیے کہ پہلے بڑے خاکہ نگاروں کو پڑھیں پھر اس موضوع پر قلم اُٹھائیں۔

اگر ان خاکوں کو مضمون سمجھ کر پڑھا جائے، تو آپ کو زیادہ لطف آئے گا۔ افضل مُراد، حمیرا راحت، فیصل محمود سیّد، ڈاکٹرعشرت معین سیما، افروز رضوی، صائمہ اسحاق، فاطمہ بنت علی نے مصنّفہ پر مضامین لکھ کر ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ البتہ ہمیں ان کے مزاحیہ مضامین نے بہت متاثر کیا کہ کاٹ دار جملوں اور دِل چسپ فقروں نے مضامین کی اہمیت دوچند کردی ہے۔ عروج عرصۂ دراز سے لکھ رہی ہیں، اسی لیے ان کا قلم جولانیاں بَھر رہا ہے۔سو، خاکہ نگاری کےضمن میں ہماری رائے سے ہر ایک کا متفّق ہونا ضروری نہیں۔