اقلیمِ سخن (شعری مجموعہ)

April 21, 2024

شاعرہ: ڈاکٹر فائزہ زہرا مرزا

صفحات: 360، قیمت: 1000روپے

ناشر: مرزا پبلی کیشنز، مکان نمبر8، متصل عزا خانۂ زہرا، ڈاکٹر پیرس روڈ، کراچی۔

فون نمبر: 5141305 - 0333

زیرِ نظر کتاب کی شاعرہ کا تعلق ایک علمی و ادبی خانوادے سے ہے۔ سندھ کے عظیم عالم اور محقّق، شمس العلما، مرزا قلیچ بیگ ان کے پَردادا تھے۔ فائزہ زہرا مرزا نے تہران یونی ورسٹی (ایران) سے ڈاکٹریٹ کی سند حاصل کی۔ انہیں ایران کے وقیع ترین انعام ’’پروین اعتصامی ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ معروف ادارے ’’مرکز تحقیقاتِ فارسی ایران و پاکستان‘‘ نے بھی ان کی متعدّد تخلیقات کو زیورِ طباعت سے آراستہ کیا۔ موصوفہ گزشتہ کئی برسوں سے جامعۂ کراچی کے شعبۂ فارسی میں تدریسی فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔گرچہ ان کا بنیادی حوالہ تحقیق ہے، لیکن ایک بہترین ترجمہ نگار کی حیثیت سے بھی نمایاں شناخت کی حامل ہیں۔

مصنّفہ کی مادری زبان سندھی ہے، لیکن اردو اور فارسی زبانوں سے غیر معمولی لگائو رکھتی ہیں۔ اب اِس کتاب کی وساطت سے ان کا شعری ادب بھی سامنے آیا ہے کہ ہمارے پیشِ نظر ان کا پہلا شعری مجموعہ ہے، جس میں اُنہوں نے حمد، نعت، مناقب، نوحے، سلام، قطعات، فارسی سے اردو تراجم، سندھی سے اردو تراجم اور سندھی نظموں کے ساتھ دس اردو غزلیں بھی شامل کی ہیں۔ ڈاکٹر فائزہ کا شعری مزاج فارسی کے زیرِ اثر ہے اور منظوم تراجم عالمی معیار کے حامل ہیں، بلکہ بعض تراجم پر تو اصل کا گمان ہوتا ہے۔

اس ضمن میں افتخار عارف کی یہ سطور سند کا درجہ رکھتی ہیں کہ’’عقیدہ و عقیدت کی شاعری ڈاکٹر مرزا کے روحانی میلان کی ترجمانی کرتی ہے کہ کلام، رشتوں کی مناسبت سے اُن کے تعلق کا بیانیہ ہے۔ اقلیمِ سخن ڈاکٹر مرزا کی تخلیقی شناخت کا اظہاریہ ہے۔‘‘نیز، کتاب میں ڈاکٹر ہلال نقوی، محمّد اظہار الحق، اشفاق حسین، جاوید حسن اور ارتضیٰ جون پوری کے مضامین بھی شامل ہیں۔