دِل کی شرارتیں (طنزومزاح)

December 04, 2022

مصنّف: لجپت رائے متلانی

صفحات: 192، قیمت: 500 روپے

ناشر: کراچی بُک پوائنٹ۔

ہمارے خیال میں توطنزومزاح لکھنا تلوار کی دھار پر چلنے کے مترادف ہے۔ اکثر مزاح نگاروں نے پھکڑ پَن کی روایت کو استحکام عطا کیا، لیکن ایسے مزاح نگاروں کی بھی کمی نہیں، جنہوں نے اس صنف کو بامِ عروج تک پہنچایا۔ زیرِنظرکتاب طنزیہ و مزاحیہ مضامین پر مشتمل ہے اورمصنّف نے مقصدیت کو پیش نظر رکھا ہے۔ کوئی مضمون ایسا نہیں، جس میں زندگی کی حقیقتوں سے انحراف کیا گیا ہو۔ انہوں نے اپنے مضامین کے ذریعے معاشرتی، معاشی، مذہبی اور سماجی مسائل کی بھی نشان دہی کی ہے۔ الفاظ کا چنائو سادہ اور بناوٹ سے پاک ہے۔

مصنّف کی مادری زبان اُردو نہیں، مگر انہوں نے مضامین نہایت شستہ اور سادہ زبان میں تحریر کیے ہیں، جب کہ محاوروں کے استعمال میں بھی کھرے نکلے۔ جب کہ کتاب میں ذاتی مشاہدات وواقعات کو بھی نہایت دِل نشیں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اور یہ بھی بڑی بات ہے کہ مصنّف کو لکھاری ہونے کا دعویٰ نہیں۔ بقول اُن کے ’’مَیں صرف اور صرف اپنے ذوق کی تسکین کے لیے لکھتا ہوں۔‘‘ بہرحال، ہماری نگاہ میں وہ ایک اچھے لکھاری ہیں اوران کا انکسارہی ایک دِن انہیں بُلندیوں پر لے جائے گا۔