غیر ذمہ دارانہ بیان پر پاریش راول کو پولیس نے طلب کرلیا

December 06, 2022

بالی ووڈ کے سینئر اداکار پاریش راول کو حال ہی میں ’بنگالیوں کے لیے مچھلی پکانے‘ کا بیان دینے پر کولکتہ پولیس نے طلب کرلیا۔

پولیس کی طرف سے انہیں کہا گیا ہے کہ تالتلا پولیس اسٹیشن میں 12 دسمبر کو حاضر ہوں۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما محمد سلیم نے پاریش راول کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔

قبل ازیں پاریش راول نے اپنے بیان پر معذرت طلب کی تھی، یہ تمام معاملہ اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے گجرات میں ایک انتخابی مہم کے دوران تقریر کی۔

پاریش راول بی جے پی کے رہنما بھی ہیں، انہوں نے تقریر میں کہا تھا کہ ’’گیس سلنڈر مہنگے ہوگئے ہیں لیکن ان کی قیمت کم ہوجائے گی۔ لوگوں کو روزگار بھی مل جائے گا، لیکن تب کیا ہوگا جب روہنگیا مہاجرین اور بنگالی دہلی کی طرح آپ کے ارد گرد رہنا شروع ہوجائیں گے؟

پھر آپ گیس سلنڈر کا کیا کریں گے؟ بنگالیوں کے لیے مچھلی پکائیں گے؟‘‘