عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں، تاریخ کیوں دیتے ہیں، احسن اقبال

December 16, 2022

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں، تاریخ کیوں دیتے ہیں، یہ اسمبلی اسمبلی کھیل رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آپ توڑیں اسمبلی، ہم آپ کو عبرتناک شکست دیں گے، انہیں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں عبرتناک شکست دیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں بے یقینی قائم رکھنے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، عمران خان کے وزراء کہتے تھے کہ اللّٰہ کا شکر ہے حکومت چلی گئی ورنہ پتھر پڑتے، وزیراعظم چین جا رہے تھے تو عمران خان نے دھرنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سیلاب کی تباہی میں لگے رہے، عمران خان امداد روکنے کی کوشش کرتے رہے، ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے تھے، عمران خان سبوتاژ کرنے میں لگے رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 9 جنوری کو پوری دنیا پاکستان کی مدد کیلئے اکٹھی ہو رہی ہے، عمران خان یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں عدم استحکام ہے، ہماری تجربہ کار ٹیم ہے، خان صاحب کے ڈیفالٹ کیے پاکستان کو بچا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے پر وزیر خارجہ اور وزیر پیٹرولیم کے بیان میں کوئی تضاد نہیں، پاکستان کے مفاد میں جو اچھی ڈیل ملے گی وہ ضرور کریں گے۔