سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف کراچی میں کتنے گھنٹے وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کی؟

January 07, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹمیچوں میں وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی کارکردگی شاندار رہی۔

سرفراز احمد نے پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچری اسکور کی جبکہ دوسرے میچ کی پہلی اننگ میں انہوں نے نصف سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری اسکور کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ٹیسٹمیچوں میں سرفراز احمد کے گراؤنڈ میں گزارے وقت کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگ میں 818 منٹ اور دوسری اننگ میں 31 منٹ وکٹ کیپنگ کی۔

اس کے علاوہ اسی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں سرفراز احمد نے 256 منٹ اور دوسری اننگ میں 139منٹ بیٹنگ کی۔

یوں مجموعی طور پر سرفراز احمد نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 20 گھنٹے اور 44 منٹ گراؤنڈ میں گزارے۔

اسی طرح دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں سرفراز احمد نے 548 اور دوسری اننگ میں 350 منٹ وکٹ کیپنگ کی جبکہ پہلی اننگ میں 183 اور دوسری اننگ میں 288 منٹ تک بیٹنگ کی۔


دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر سابق کپتان نے 22 گھنٹے اور 49 منٹس گراؤنڈ میں گزارے۔

پی سی بی کے مطابق سرفراز احمد نے دونوں ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 43 گھنٹے اور 33 منٹ گراؤنڈ میں گزارے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سرفراز احمد نے پہلی اننگ میں 86 اور دوسری اننگ میں 53 رنز بنائے تھے جبکہ دوسرے ٹیسٹمیچ کی پہلی اننگ میں انہوں نے 78 اور دوسری اننگ میں 118 رنز اسکور کیے تھے۔