ترکیہ، فٹبال میچ کے دوران زلزلہ متاثرہ بچوں کیلئے کھلونوں کا عطیہ

February 27, 2023

فوٹو، ٹوئٹر

ترکیہ کے شہر استنبول کے وڈافون اسٹیڈیم میں گزشتہ روز ہونے والے فٹبال میچ کے دوران شائقین نے زلزلے سے متاثرہ ترک اور شامی بچوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کھلونوں کا عطیہ دیا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول کے وڈافون اسٹیڈیم میں ترک سپر لیگ میں ترک فٹبال کلب بیسکتس اور انٹالیاسپور کے درمیان ہونے والے میچ، جس کا اختتام 0-0 سے ہوا، اسے 4 منٹ اور 17 سیکنڈ کے بعد روک دیا گیا تاکہ شائقین زلزلے سے متاثرہ بچوں کے لیے سافٹ ٹوائز عطیہ کرسکیں۔

استنبول کے فٹبال گراؤنڈ سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں میچ کے دوران تمام شائقین کو ایک ساتھ زلزلے سے متاثرہ بچوں کے لیے کھلونوں کا عطیہ دیتے ہوئے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین جذباتی ہوگئے۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کی صبح کو آنے والے قیامت خیز زلزلے کے باعث اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔