کچے میں آپریشن: پولیس گولی، ڈاکو راکٹ لانچر چلا رہے ہیں

April 19, 2023

—فائل فوٹو

رحیم یار خان کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کا آج گیارہواں روز ہے، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس گولی اور ڈاکو راکٹ لانچر استعمال کر رہے ہیں۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق قابل سکھیانی کے علاقے کا محاصرہ کر کے ڈاکوؤں کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے، اب تک 3 ڈاکو ہلاک، 18 گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ بھاری اسلحہ برآمد کر چکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سکھیانی گینگ کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔

ڈی پی او مہر ناصر سیال کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے خفیہ ٹھکانوں پر بھر پورکارروائی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ دولانی اور لوُند گینگ کے ٹھکانے مسمار کر کے مزید 3 چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

ڈی پی او مہر ناصر سیال کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچے کے تمام راستے اور گزر گاہیں سیل کر دی گئی ہیں، دریا میں بھی کشتیوں پر گشت جاری ہے۔