آئی ایم ایف پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں، پاکستان بہت سخت شرائط مانا ہے، وزیر اعظم

July 13, 2023

اسکرین گریب

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں، پاکستان بہت سخت شرائط کو مانا ہے۔

ملتان میں یوتھ لون پروگرام اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام بہت ضروری تھا جس کے لیے منتیں بھی کرنا پڑیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ایک ارب ڈالر آئے اور پرسوں سعودی عرب نے دو ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے، اس سے پہلے چین نے مدد کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم کب تک لوگوں سے پیسے مانگتے رہیں گے، آئی ایم ایف پروگرام پر خوشی کے شادیانے نہیں بجانے، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر دن رات محنت کرنا ہو گی تاکہ آئندہ ہمیں کسی سے کچھ مانگنے کی ضرورت نہ پڑے۔

ان کا کہنا ہے کہ سفارش اور کرپشن سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، جو قومیں ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتی ہیں ان کا ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپس پورے ملک میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، اگر وسائل ہوں تو ایک لاکھ نہیں، ایک کروڑ لیپ ٹاپس آپ کی خدمت میں پیش کر دوں، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کو ماضی میں بھی لیپ ٹاپ دیے، میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے دانش اسکول کا آغاز کیا تھا، میں نے درجنوں دانش اسکول بنوائے، بڑے بڑے صنعت کاروں کو ماضی میں تین ارب ڈالرز دیے گئے، جو لوگ پہلے ہی ارب پتی تھے، انہوں نے بھی 3 سے 4 فیصد سود پر قرض لیا، زندگی رہی تو ملتان میں میڈیکل سٹی بناؤں گا۔

وزیرِ اعظم نے شجاع آباد میں فلائی اوور بنانے کا بھی اعلان کیا۔