لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، اشیائے خور و نوش سستی نہ ہو سکیں

October 17, 2023

----فائل فوٹو

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود لاہور میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں چینی، دالیں، گھی، آٹا، گوشت، پھل اور سبزیاں سستی نہیں ہوئیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈالر اور پیٹرول سستا ہونے سے قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد فوری کمی ہونی چاہیے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو راتوں رات قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان بٹ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ضلعی حکومت چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم کل اس حوالے سے نگراں وزیرِ اعلیٰ کو آگاہ کریں گے۔

لاہور: گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں کمی کردی

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹرز کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں کمی کر دی۔

منی ٹرک ایسوسی ایشن کےچیئرمین نے کہا ہے کہ کرایوں میں 10 فیصد تک کمی کر دی ہے۔