کورونا ویکسین کے واجبات کی عدم ادائیگی، فریقین سے 20 نومبر تک جواب طلب

November 13, 2023

سندھ ہائی کورٹ— فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نےنجی کمپنی کی کورونا ویکسین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پرفریقین سے20 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔

عدالت میں نجی کمپنی کی کورونا ویکسین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر مخدوم علی خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمپنی نے کورونا کی وباء کے دوران 65 کروڑ 64 لاکھ 57 ہزار سے زائد کی ویکسین فراہم کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ویکسین کے معیار اور مقدار پر کوئی اعتراض نہیں کیا لیکن متعدد یاد دہانیوں کے باوجود بھی واجبات ادا نہیں کیے جا رہے ہیں۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فریقین کو 20نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی ہیلتھ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا جائے۔