قندیل بلوچ کی زندگی پر فلم ’وکھری‘ کا جدہ میں ورلڈ پریمیئر

December 04, 2023

—فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریال محمود کیفلم ’وکھری‘ کا ریڈ سی فلم فیسٹیول 2023ء میں ورلڈ پریمیئر ہو گا۔

یہ فلم غیرت کے نام پر قتل ہونے والی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ریڈ سی فلم فیسٹیول 2023ء جاری ہے جہاں دنیا بھر سے مختلف فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔

ریڈ سی فلم فیسٹیول میں انٹرنیشنل پروگرامنگ کے سربراہ کلیم آفتاب نے پاکستان کی جانب سے فلم ’وکھری‘ کا انتخاب کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں ہدایت کار ارم بلال کی فلم ’وکھری— اپنی قسم کی ایک‘ لوگوں کو بہت متاثر کرے گی، جس کا ورلڈ پریمیئر رواں سال فلم فیسٹیول کے دوران کیا جا رہا ہے۔

ہدایت کار ارم بلال کے مطابق ان کی فلم کی کہانی متنازع سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بنائی گئی ہے جسے اپنے جذبات کے اظہار پر بھائی نے غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کر دیا تھا، اس کے علاوہ ان کی کہانی میں ان خواتین کی عکاسی بھی کی گئی ہے جنہیں اپنے خیالات کے اظہار کے باعث معاشرتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خیال رہے کہ فلم وکھری کی کہانی ایک بیوہ اسکول ٹیچر کے گرد گھومتی ہے جسے سوشل میڈیا پر اپنے بے باک خیالات کے اظہار کے باعث راتوں رات شہرت حاصل ہو جاتی ہے۔

اس فلم میں مرکزی کردار اداکارہ فریال محمود نبھا رہی ہیں، یہ ان کی ڈیبیو فلم ہے۔

فلم کی کاسٹ میں فریال محمود، گلشن مجید، سلیم معراج، سہیل سمیر اور شیث سجاد گل سمیت دیگر شامل ہیں۔