شادی نہ کرتی طلاق کے نام پر بیٹھی رہتی؟ کرن اشفاق کا ناقد کو کرارا جواب

December 05, 2023

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

حال ہی میں دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ و ماڈل کرن اشفاق نے دوسری شادی پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا.

پاکستانی معروف اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ و ماڈل کرن اشفاق نے پی پی پی رہنما اور وکیل حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی ہے، جس کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

اداکارہ کی پہلی شادی کی ناکامی کے ایک سال بعد اچانک دوسری شادی کی خبر نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ جہاں کئی مداحواں، ساتھی فنکاروں کی جانب سے اس موقع پر مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان پر تنقید بھی کی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کی اس پُر مسرت تقریب کی وائرل تصاویر و ویڈیوز پر عمران اشرف سے علیحدگی اختیار کرنے کے باعث کچھ ناراض صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ اتنی جلدی تو ہم بریک اپ کے بعد خود کو سنبھال نہیں پاتے جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ عمران اشرف زیادہ اچھا تھا، اسے کیوں چھوڑا تھا؟۔

تاہم کرن اشفاق نے کسی کی پرواہ کئے بغیر فوراً ہی ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کی تنقید کا کرارا جواب دے کر خاموش کروا دیا۔

کرن اشفاق نے صارف کے تبصرے کے جواب میں لکھا کہ آپ کا مطلب ہے کہ میں بیٹھی رہتی؟ میرے والدین مجھے تنہا دیکھ کر روتے اور پریشان رہتے؟ کیا میں شادی نہ کرتی بس کسی کی طلاق کے نام پر بیٹھی رہتی؟

انہوں نے ایک اور صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران اشرف سے طلاق لی نہیں تھی بلکہ عمران اشرف نے طلاق دی تھی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے بہتر انسان سے نوازا ہے۔

واضح رہے کہ ’بھولا‘ کے کردار سے مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق 2018ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اِن دونوں کا ایک بیٹا ’روحان‘ ہے، تاہم گزشتہ برس اکتوبر میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے باضابطہ طور پر اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

بعد از طلاق دونوں اپنے بیٹے کی پرورش مشترکہ طور پر انجام دے رہے ہیں۔