جاپانی ریسٹورنٹ میں گاہک کے چہرے پر تھپڑ مارنے کی انوکھی سروس

December 06, 2023

ایک جاپانی ریسٹورنٹ نے گاہکوں کو اسنیکس پیش کرنے سے قبل چہرے پر تھپڑ مارنے کی انوکھی سروس متعارف کروائی ہے۔

وسطی جاپان میں واقع شہر نگویا میں شاچی ہوکویا ازاکایا نامی بار میں آنے والے گاہکوں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے سے قبل بار کی خواتین اسٹاف گاہک کے چہرے پر تھپڑ رسید کرتی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اس عجیب و غریب اور متنازع سروس کی وجہ سے اس بار کے کاروبار میں کافی اضافہ ہوا ہے اور یہاں آنے والوں میں بیشتر اس تکلیف دہ تجربے کو آزمانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

شروع شروع میں تو یہ سروس شاچی ہوکویا ازاکایا بار کی صرف ایک خاتون اسٹاف ممبر گاہک کی فرمائش پر فراہم کرتی تھی، لیکن اس کی ڈیمانڈ بڑھنے پر منیجمنٹ نے تھپڑ مارنے والی متعدد لڑکیوں کی خدمات حاصل کرلیں۔ یہاں تک کہ ایک تھپڑ کے 100 ین (90 سینٹ) وصول کیے جانے لگے۔

چینی زبان کی ایک میڈیا پبلیکیشن کے مطابق ایک موقع پر لوگوں سے 500 ین تک اس بات کے چارج کیے جانے لگے کہ کونسی لڑکی تھپڑ مارے گی۔

یہ سروس جاپانی مرد و خواتین سمیت متجسس غیر ملکی سیاحوں میں بھی کافی مقبول ہے۔

مذکورہ میڈیا ادارے کے مطابق جتنی زور سے تھپڑ اتنا ہی زیادہ گاہک خوش ہوتا ہے بلکہ ریلیکس محسوس کرکے خاتون سے اظہار تشکر بھی کرتے ہیں۔ گو کہ یہ متنازع سلسلہ ختم ہوچکا لیکن اب بھی اس سے کافی لوگ متاثر ہیں۔