بعض برطانوی سیاحوں کو اسپین جانے میں مشکلات کا سامنا

February 22, 2024

لندن (نمائندہ جنگ) برطانیہ بریگزٹ کی صورت میں یورپی یونین سے تو نکل گیا لیکن اب بعض برطانوی سیاحوں کو تعطیلات کیلئے اپنے پسندیدہ مقام اسپین جانے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اسپین جانے والے سیاحوں کو وہاں قیام کیلئے رہائش گاہ کے انتظام کا ثبوت دکھانا ہوگا۔ ہوٹل میں قیام کی صورت میں بکنگ دکھانا کافی ہوگا لیکن ایسے افراد جو اسپین میں اپنے کسی دوست یا رشتہ دار کے ہاں قیام کرنا چاہتے ہیں انہیں میزبان کی طرف سے دعوت نامہ درکار ہوگا جسے میزبان مقامی پولیس سے حاصل کرے گا جس کے ذریعے یہ تسلی کی جائے گی کہ وہ اسپین میں قانونی طور پر مقیم ہے اور اس خط کے بغیر اسپین پہنچ جانے والے سیاحوں کے علاوہ ان کے میزبان کو بھی ہزاروں پائونڈ کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میزبان کی طرف سے دعوت نامہ کی شرط برطانیہ کے علاوہ امریکہ اور لاطینی امریکی ریاستوں کے شہریوں پر بھی عائد ہوگی جنہیں اسپین میں داخلے کیلئے ویزا درکار نہیں ہے اور میزبان کے دعوت نامہ کی ضرورت اسپین کے کسٹم تک پہنچنے کے بعد پڑتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسپین کے حکام سیاحوں سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے پاس قیام کے حوالے سے ہر روز کا اوسط خرچہ 109 یورو ہونا چاہئے، جس کا مطلب ہے کہ پانچ افراد کے گھرانے کو روزانہ 545 یورو اور دو ہفتہ قیام کی صورت میں 7 ہزار 603 یورو درکار ہوں گے۔