کیریئر کی ابتداء میں مسلسل فلموں میں کام صرف کرایہ دینے کیلئے کیا: شرمیلا ٹیگور کا انکشاف

February 22, 2024

اداکارہ شرمیلا ٹیگور ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں فلموں میں مسلسل کام صرف گھر کا کرایہ دینے کے لیے کیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کی ابتداء میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ابتداء میں فلموں میں مسلسل کام کبھی صرف اس لیے کیا کہ گھر کا کرایہ ادا کرسکوں اور کبھی اس لیے کہ میرے ساتھی اداکار کو لگتا تھا کہ اگر میں ان کی فلم کا حصّہ بنوں گی تو یہ ان کے کیریئر کے لیے اچھا ہوگا۔

اُنہوں نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان سے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو میری شادی کے بارے میں یہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ اگر میں شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کرتی رہی تو میری شادی ایک سال بھی نہیں چلے گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ لوگوں کا خیال تھا کہ شادی اور میرا فلمی کیریئر آپس میں مطابقت نہیں رکھتے لیکن میری زندگی میں شادی اور ایک کامیاب فلمی کیرئیر کے امتزاج کو کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کی شادی 27 دسمبر 1968ء کو اسلامی روایات کے مطابق ہوئی تھی۔

اس جوڑی کو ابتداء میں مذہب مختلفہونے کی وجہ سے کچھ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن دونوں کی محبت غالب رہی اور یہ شادی خوشگوار اور کامیاب رہی۔