90 برس کی عمر میں بھی ایک ساتھ 18 گانے گا سکتی ہوں، آشا بھونسلے

February 28, 2024

ہندی فلمی صنعت کی دیوا اور شہرت یافتہ گلوکارہ آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ایک ساتھ18 گانے گا سکتی ہیں۔

لیجنڈری گلوکارہ نے کہا کہ اگر وہ مزید زندہ رہیں تو وہ مہاراشٹر میں ہر جگہ جا کر شو کریں گی، انہوں نے کہا میرے شو کا نام ہوگا وہ پھر نہیں آتی ہے۔

بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا میں دوبارہ نہیں آؤں گی۔ آپ کو یہ افسوس نہیں ہونا چاہیے کہ آپ نے فلاں شخص کو نہیں دیکھا۔ لوگ کہتے ہیں کہ انہوں نے کشور کمار اور دیگر گلوکاروں کو پرفارم کرتا نہیں دیکھا، لیکن اب کہہ سکیں گے کہ ہم نے آشا بھوسلے کو دیکھا۔

صرف 10 برس کی عمر میں پہلا گانا گانے والی آشا گزشتہ 80 برس سے گلوکاری کر رہی ہیں۔ 9 مارچ کو اپنی90ویں سالگرہ کے موقع پر ان کا کہنا ہے کہ وہ اس دن اپنی سالگرہ کے موقع پر ہونے والے کسنرٹ میں اکٹھے 18 گیت گائیں گی۔