ٹوبہ ٹیک سنگھ میں لڑکی کا قتل، مرکزی ملزمان 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

March 30, 2024

فائل فوٹو

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نےلڑکی کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم فیصل اور عبدالستار کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

لڑکی کے قتل کے الزام میں گرفتار باپ اور بھائی کو علاقہ مجسٹریٹ طلعت جاوید کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس سے قبل باپ اور بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کے کیس میں وفاقی ادارہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے خود پارٹی بن کر مقدمے کی پیروی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے مقتولہ لڑکی کے گھر کا دورہ کیا تھا، رشتہ داروں اور اہل محلہ سے تفصیلات حاصل کی تھیں۔

کمیشن نے ڈی پی او سے ملاقات میں کیس میں پیشرفت پر معلومات حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی جوان بہن کو گھر والوں کے سامنے گلا دبا کر مار ڈالا تھا۔