کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

April 02, 2024

فائل فوٹو

خیبر پختونخوا اسمبلی کیمخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر منتخب ارکان نے پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ارکان سے حلف نہیں لیا گیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا جائے۔

نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کی تھی اور انہیں حکم دیا تھا کہ وہ درخواست گزاروں کو 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کے ساتھ ساتھ اسے اس عمل میں سہولت فراہم کرے۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکرخیبر پختون خوا اسمبلی سے مخصوص نشستوں کے ممبران نےحلف برداری کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ارکان کی حلف برداری کے انتظامات نہیں کیے۔