مغربی بنگال میں بھارتی خفیہ ایجنسی کی تفتیشی اور چھاپہ مار ٹیم پر عوام کا حملہ، افسر زخمی

April 07, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں خفیہ ایجنسی کی تفتیشی اور چھاپہ مار ٹیم پر عوام نے حملہ کردیا،ایک افسر زخمی ہوگئی۔این آئی اے کی ٹیم نے 2022 کے دھماکے سے متعلق کیس میں گزشتہ روز 2 افراد کو گرفتار کیا، جن میں مرکزی ملزم مونوبروتو جنا بھی شامل ہے۔ چھاپہ مار ٹیم پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ کارروائی مکمل کرکے واپس کولکتہ جارہی تھی۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیم مغربی بنگال کے مشرقی ضلع میدنی پور میں تفتیش کے لیے پہنچی تھی۔ بھوپتی نگر میں ہونے والے حملے میں ایک افسر کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔