آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے میرانشاہ اور اسپن وام میں فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی

April 10, 2024


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے میرانشاہ اور اسپن وام میں فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھی اور جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کےلیے دعائیں کیں۔

آرمی چیف نے جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور قوم کےلیے ان کے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے قربانیوں سے حاصل امن کی حفاظت کےلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امن و استحکام کےلیے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔