ڈائننگ ٹیبل پر ورائٹی لائیں

April 28, 2024

رمضان المبارک کے سحرو افطار اسپیشل دستر خوانوں، عیدالفطر کی دعوتوں، ضیافتوں کے بعد آج ہم آپ کے لیے لائے ہیں، کچھ منفرد، مختلف سی تراکیب۔

یہ پکوان، آپ برنچ، لنچ، ڈنر میں ’’مین کورس‘‘ کے ساتھ سائیڈ ڈشز کے طور پر بھی رکھ سکتی ہیں۔ تینوں پکوان انتہائی ذائقے دار، خوش رنگ اور باآسانی تیار ہونے والے ہیں، تو چلیں، آج ہی ٹرائی کر کے دیکھیں۔

چکن ٹماٹو وِد پاستا

اجزا: مرغی کا قیمہ ایک پاؤ، پاستا حسبِ ضرورت (نمک ملے پانی میں ابال لیں)، ٹماٹر ایک پاؤ، نمک حسب ِذائقہ، سیاہ مرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ، کارن فلور ایک چائے کا چمچ (پانی میں گھول لیں)، پیاز ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، چائنیز نمک آدھا چائے کا چمچ، مکھن دو کھانے کے چمچ، ٹماٹو کیچپ دو کھانے کے چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، ہری مرچیں 3 عدد (لمبائی میں کاٹ لیں)، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک نان اسٹک پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں مرغی کا قیمہ، ادرک کا پیسٹ اور حسبِ ذائقہ نمک ڈالیں اور اچھی طرح بُھون لیں۔ پھر ٹماٹروں کو اُبال کر کا چھلکا اُتار کے میش کر لیں۔ اس کے بعد ٹماٹروں کو ایک الگ ساس پین میں ڈال کر دو منٹ تک پکائیں اور اُن میں مکھن، سیاہ مرچ پاؤڈر‘چائنیز نمک اور پیاز ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں۔

ٹماٹو کیچپ اور کارن فلور بھی ڈال کر چمچ ہلائیں۔ مکسچر گاڑھا ہونے لگے تو اس میں مرغی کا قیمہ بھی ڈال دیں۔ پانچ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر اُبال آنے تک پکائیں۔ اس کے بعد ایک سرونگ ڈش میں پاستا کی تہہ بچھا دیں اور تیار کیا ہوا چکن ، ٹماٹروں کا مکسچر ڈال کے دھنیے اور ہری مرچوں سے گارنش کریں۔ بے حد ذائقے دار چکن ٹماٹو وِد پاستا تیار ہے۔

لال لوبیے کی چاٹ

اجزا: لال لوبیا ایک کپ، آلو ایک عدد، دہی پانچ کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا آدھا کپ، ہری مرچیں چار عدد، لہسن دو جوے، نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، ہلدی ایک چٹکی، زیر ہ آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، پسا ہوا گرم مسالا ایک چٹکی، میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب: لال لوبیے کو نمک اور میٹھا سوڈا ڈال کر ابال لیں۔ علیٰحدہ برتن میں آلو کو کیوبز میں کاٹ کر نمک ڈال کر ابال لیں۔ جب دونوں چیزیں گَل جائیں تو ان کا پانی چھان لیں۔ اب دہی میں سارے مسالے، دھنیا، ہری مرچیں ، لہسن ڈال کر چاپر میں ہرا رائتہ بنا لیں اور یہ رائتہ لال لوبیا اور آلو میں ڈال کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ بہترین لوبیا چاٹ تیار ہے، جو ذائقے دار ہی نہیں، خوب صحت بخش بھی ہو گی۔ (خالدہ علی ، لاہور)

بیسن کا حلوہ

اجزا: بیسن ایک پیالی، دودھ ڈیڑھ پیالی، پانی ڈیڑھ پیالی، چینی پون پیالی، گھی یا تیل پون پیالی، الائچی تین عدد ( کھول کر ڈالیں)، بادام اور پسا ہوا کھوپرا گارنشنگ کے لیے۔ (نوٹ :جس پیالی سے بیسن ناپیں، اُسی سے ہی باقی تمام اجزا کی پیمائش کریں۔

ترکیب: پین میں گھی یا تیل ڈالیں اور ساتھ الائچی بھی ڈال دیں، پھر بیسن ڈال کر اچھی طرح بُھونیں۔ بیسن خوب بُھن جائے، تو چولہا بند کردیں ،پھر آہستہ آہستہ دودھ ، پانی اور چینی ڈالتے ہوئے اس کو اچھی طرح مکس کریں۔ پھر دوبارہ چولھے کی تھوڑی تیز آنچ کرکے جلائیں اور آمیزے میں مسلسل چمچہ چلاتی جائیں۔

پانچ منٹ کے بعد اس کی آنچ تھوڑی ہلکی کردیں، لیکن مسلسل بھونتی رہیں۔ جب حلوے کا گھی اوپر آنے لگے اور اور وہ پین کے بیچ میں سمٹ جائے، تو سمجھ لیں حلوہ تیار ہے۔ اس کو بادام اور پسے ہوئے کھوپرے سے گارنش کرکے سرو کریں۔ (قراۃ العین فاروق،حیدر آباد)