رنویر سنگھ نے اپنی جعلی ویڈیو کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا

April 22, 2024

اداکار رنویر سنگھ— فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی اپنی جعلی ویڈیو کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

رنویر سنگھ کی اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ ویڈیو تیار کرنے کے لیے اداکار کی ورانسی یاترا کی ویڈیو کا استعمال کیا گیا جس میں اُنہوں نے شہر کے دورے سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تعریف بھی کی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رنویر سنگھ نے اب ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل میں اپنی اس جعلی ویڈیو کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

اداکار نے اپنی ایف آئی آر میں پولیس سے اُس سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے خلاف تفتیش کرنے کی درخواست کی ہے جس نے سب سے پہلے اُن کی جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے بیان میں اس ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے صارفین کو ڈیپ فیک سے بچنے کا مشورہ دیا تھا۔