پاک ایران تجارتی معاہدے، پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیدیا، امریکا

April 24, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) امریکا نے پاک ایران تجارتی معاہدوں پر ردّعمل دیتے ہوئے پاکستان کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دے دیا ہے، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران پاک ایران تجارتی معاہدوں کے سوال پر جواب میں کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔