علی امین گنڈاپور دائیں بائیں اور حکومت کیساتھ بھی ہیں، فیصل واوڈا

April 27, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور دائیں بائیں بھی ہیں اور حکومت کے ساتھ بھی ہیں، وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ ہم چھوٹے کسان کو ہر صورت میں سہارا دیں گے، کسان کا استحصال نہیں ہونا چاہئے اسے منافع کے ساتھ محنت کا صلہ ملنا چاہئے،چیئرمین پاکستان کسان اتحاد چوہدری حسیب انور نے کہا کہ حکومت کو یہ بتانا کسانوں کا کام نہیں کہ گندم کو کہاں اسٹاک کرنا ہے، کسان 29اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے اپنے جائز مطالبات کے لئے دھرنا دیں گے،ماہر معیشت خرم شہزاد نے کہا کہ زرعی پیداوار میں بہتری کی وجہ سے گندم، چینی اور کپاس درآمد نہیں کرنا پڑرہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ نہ کوئی ڈیل ہے نہ کوئی ڈھیل ہے، نہ کوئی ایسی بات ہورہی ہے، پی ٹی آئی کی حکمت عملی ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں اور ان کی مقبولیت کے مزے پی ٹی آئی لوٹتی رہے، پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما حکومت کے ساتھ بھی ہیں۔