پریانکا نے کئی فلموں کیلئے مسترد کیے جانے کی وجوہات بتادیں

April 27, 2024

بالی ووڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فلم انڈسٹری میں پیش آنیوالی مشکلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی مرتبہ مختلف وجوہات کی وجہ سے فلموں میں کاسٹ نہیں کیا گیا۔

ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انڈسٹری میں انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بالی ووڈ میں کبھی انہیں کیریئر کے دوران ’ایک کونے میں دھکیل دیا گیا‘ یا ’سیاست‘ سے نمٹنا پڑا، پھر ہالی ووڈ میں انہیں خود کو نئے سرے سے جدوجہد کرنا پڑی۔

اداکارہ نے کہا کہ انڈسٹری میں مسترد کیے جانے کو میں نے کئی بار دیکھا ہے اور اس کی بہت ساری وجوہات ہیں، کبھی میں کسی کردار کیلئے ٹھیک نہیں ٹھہری تو کبھی فیورٹ ازم کا شکار بنی، کبھی کسی کی گرل فرینڈ کو فلم میں کاسٹ کرلیا گیا، اس طرح کی اور بہت سی وجوہات ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ میں نے کافی عرصے پہلے وقت سے سمجھوتہ کرلیا تھا، ہم کہہ سکتے ہیں کہ میں دوسروں سے بہتر ہوں اور مجھے خود پر بہت زیادہ اعتماد ہے، مگر یہ درست نہیں ہے، آپ کو اپنے آپ کو مسترد کیا جانا برداشت کرنا پڑتا ہے، اور فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ میں آگے بڑھوں گا اور خود کو ثابت کرکے دکھاؤں گا۔