داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی نئی سائٹ کا گلبرگ ٹاؤن میں قیام

April 29, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کے وژن اور انتھک کاوشوں کی بدولت اپنی نئی سائٹ کے قیام کیلئے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت گلبرگ ٹاؤن یوسی 5میں واقع میجر طفیل شہید اسکول بلاک نمبر 9میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز کا تمام انفرااسٹرکچر منتقل کیا جائے گا اور کمپیوٹر سائنس، آرٹی فیشل انٹیلی جنس ، سائبر سیکورٹی اور ڈیٹا سائنسز کے پروگرام پڑھائے جائیں گے۔ میجر طفیل شہید اسکول باضابطہ طور پر داؤد یونیورسٹی کے حوالے کرنے کی سادہ اور پروقار تقریب گزشتہ روز مذکورہ اسکول میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین ، رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، سابق وفاقی وزیر شمیم صدیقی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، ڈینز ، پروگرامز ہیڈز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔