مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہڑتال اور دھرنا دینگے‘ انجمن تاجران

April 29, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماوں نےکہا ہے کہ بارڈر کی دونوں جانب آمدورفت کے لئے پاسپورٹ کی شرط لاگو کرنا قبول نہیں ، شناختی کارڈ اور تذکرہ پر آمدورفت کو یقینی بنایااور کوئٹہ میں دکانوں اور گوداموں پر چھاپوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ایک ہفتہ کے بعد بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاج کے ساتھ ساتھ شٹر ڈاؤن اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گےیہ بات انجمن کے صدرصدر عبدالرحیم کاکڑ ، حضرت علی اچکزئی ، میر یٰسین مینگل ، سعد اللہ اچکزئی ، کلیم کاکڑ ، منظور ترین ، احمد جان آغا ، دین محمد موسیٰ خیل ، قاری عبید اللہ درانی ، امیر جان آغا ، عبدالجبار کاکڑ ، عنایت درانی ، طالب کاکڑ ، متین اخونذادہ اور دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے مقررین نے کہا کہ حکومت سرحد پرپابندیاں لگاکر تاجروں کامعاشی قتل کررہی ہے جس کے خلاف 7ماہ سے چمن بارڈر پر ہزاروں تاجروں نے دھرنا دے رکھا ہے کسٹم انٹیلی اور اداروں سے معاہدہ ہوا تھا کہ کمرشل ایریا میں چھاپے نہیں مارے جائیں گے لیکن اس کے باوجود چھاپوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ۔اگر یہ سلسلہ نہ روکا نہ گیا تو تاجر برادری شدید احتجاج کرے گی جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔