جمعہ خان خلجی پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کیے جائیں ،قاسم سوری

April 29, 2024

کوئٹہ(پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی پولیٹیکل کمیٹی ممبر او سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بیان میں جمعہ خلجی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نوٹس لیکر اس واقعے کو منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکنان میں پایا جانے والا غصہ ، بے اعتمادی اور نفرت کم ہو۔ دہشت گردی اور ایسے مجرمانہ واقعات کی روک تھام کے لئے اب تو کوئٹہ شہر کے ہر کونے میں سیف سٹی اور محکمہ پولیس کی جانب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اس کے علاوہ عوام نے بھی اپنی مدد آپکے تحت سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں جنکی مدد سے ملزمان کی گرفتاری جلد اور بہترین انداز میں عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس بے دردی سے دن دھاڑے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماء جمعہ خلجی پر قاتلانہ حملہ کرکے ملزمان بآسانی موقع سے فرار ہوگئے ہیں یہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔انہوںنےکہاکہ کوئٹہ میں جنگل کا قانون ہے ۔کارکن صبر و تحمل سے کام لیں۔ ہم حکام بالا اور متعلقہ اداروں بلخصوص وزیر اعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری اور ائی جی پولیس سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایمرجنسی بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں۔