وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب میں بل گیٹس سے ملاقات

April 29, 2024

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب میں بل گیٹس سے ملاقات ہوئی ہے—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

وزیرِاعظم شہباز شریف کا آج سعودی عرب کے دورے کا تیسرا دن ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے موقع پر مائیکرو سافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بل گیٹس نے پنجاب میں بطور وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے حفاظتی قطروں کے پروگرام کی تعریف کی۔

دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف آج دورۂ سعودی عرب کے تیسرے روز ریاض میں ایک اور مصروف ترین دن گزاریں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی اختتامی پلینری ریجوینیٹنگ گروتھ میں اظہارِخیال کریں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی آج ملائیشیا کے وزیرِ اعظم سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

سعودی وزرائے تجارت، توانائی، ماحولیات و زراعت آج وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔