وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا کی اہم ملاقات ہوگئی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا کل اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت 1 اعشاریہ 1 ارب امریکی ڈالرز کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر سائیڈلائنز میں شہباز شریف اور کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے گزشتہ سال اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
اس دوران وزیراعظم نے گزشتہ برس آئی ایم ایف سے 3 ارب امریکی ڈالر حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کےلیے پوری طرح پرعزم ہے، مالیاتی ٹیم کو اصلاحات، سخت مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مالیاتی ٹیم کو ایسی پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی جو میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پوگرام میں داخل ہونے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان سے جاری پروگرام بشمول جائزہ عمل کے بارے میں اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق اس دوران وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کی آخری ملاقات جون 2023ء میں پیرس سمٹ فار نیوگلوبل فانشل پیکٹ کے دوران ہوئی تھی۔