ایلون مسک نے فیس بک کے شریک بانی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

April 29, 2024

ـــ فائل فوٹو

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے فیس بک کے شریک بانی ڈسٹن ماسکووٹز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ایلون مسک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پرفیس بک کے شریک بانی ڈسٹن ماسکووِٹز کی جانب سے ٹیسلا پر لگائے گئے صارفین کو گمراہ کرنے کے الزامات لگانے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں ڈسٹن ماسکووِٹز سے اُنہیں ذہنی طور پر معذور کہنے پر معذرت چاہتا ہوں،ویسے ایسا کہنا غلط ہے‘۔

ایلون مسک نے مزید لکھا کہ میرے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ڈسٹن ماسکووِٹز ایک بیوقوف انسان ہیں، میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ کسی دن ہم دوست بن سکتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ ڈسٹن ماسکووِٹز نے اپنی پوسٹ میں ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کا موازنہ امریکا کی ایک مشہور کمپنیاینرون سے کیا ہے۔

اُنہوں نے ٹیسلا پر الزام لگایا کہ یہ کمپنی اپنے صارفین کو فل سیلف ڈرائیونگ (ایف ایس ڈی) سافٹ ویئر اور گاڑی کی حدود کے بارے میں صارفین کو گمراہ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اینرون امریکا کی ایک مشہور انرجی کمپنی ہے جسے اربوں ڈالرز کا قرض چھپانے کے لیے تخلیقی اکاؤنٹنگ کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد 2001ء میں دیوالیہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس کمپنی نے اپنی آمدنی کے ذرائع کے بارے میں بھی اپنے صارفین سےجھوٹ بولا تھا۔

اینرون کے چیف ایگزیکٹوز پر 2006ء میں دھوکہ دہی کرنے اور صارفین کو گمراہ کے لیے قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔