کینیڈا: نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ جگمیت سنگھ دورہ پاکستان کے خواہشمند

April 29, 2024


کینیڈا کی تیسری بڑی سیاسی جماعت اور برسرِاقتدار لبرل حکومت کی اتحادی نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے سربراہ جگمیت سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ننکانہ صاحب اور کرتارپور ہے، میرا دِل چاہتا ہے کہ میں پاکستان جاؤں۔

ٹورنٹو میں جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے این ڈی پی کے سربراہ جگمیت سنگھ نے کہا کہ مجھے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پر فخر ہے۔ پاکستانی کمیونٹی یہاں بڑی ترقی کر رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی مختلف زبانیں بولتے ہیں، بلوچستان سے لے کر سندھ اور پنجاب اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے ملتا ہوں۔ پنجاب سے میرے کئی دوست بھی ہیں۔ مجھے سب پر فخر ہے۔

جگمیت سنگھ نے کینیڈین پارلیمنٹ میں اپنی جماعت این ڈی پی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد سے متعلق سوال پر کہا کہ اس قرارداد سے پہلے یہ محسوس کیا جاتا تھا کہ فلسطین کے حوالے سے کینیڈا کی پالیسی انصاف پر مبنی نہیں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کینیڈا نے فلسطین کی مشکلات کو سمجھا ہی نہیں تھا، دُکھ ہوتا ہے کہ بچے موت کا شکار ہو رہے ہیں اور لوگ مر رہے ہیں۔ ہماری پارٹی نے قرارداد کے ذریعے پریشر ڈالا جس نے کینیڈا کی پالیسی بدل دی۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام کمیونیٹیز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے پریشر کی وجہ سے ہم فلسطین کے حوالے سے کینیڈا کی پالیسی انصاف کی طرف لے کر آئے ہیں۔