اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کےلیے بنائی گئی کمیٹی کا مجھے علم نہیں، عمر ایوب

April 29, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے متعلق بیان کسی کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کےلیے بنائی گئی 3 رکنی کمیٹی کا مجھے علم نہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا تھا کسی چیز پر کوئی سمجھوتا نہیں کرنا، آئین اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ اسحاق ڈار کو شہنشاہ ہند ڈکلیئر کردیں یا جو کر دیں، نائب وزیر اعظم کا عہدہ بنتا ہی نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کینیڈا جانے کے چکروں میں ہیں، چیف الیکشن کمشنر فری اینڈ فیئر الیکشن کی ذمے داری نبھانے میں ناکام رہے۔