کوونٹری کی مسلم کمیونٹی آزاد امیدواروں کو منتخب کرے، فرحان آزاد کیانی، محمد یعقوب، راجہ ضیاء خان

April 30, 2024



کوونٹری (وقار ملک) کونٹری میں 2مئی کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جہلم سوہاوہ سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار کو فلسطین کے عوام کی کھلی حمایت نے مسلم کمیونٹی میں پاپولر کر دیا ہے جب کہ لیبر پارٹی ،ٹوری و دیگر پارٹیاں اپنی پارٹی پالیسی کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ آزاد امیدوار اور نوجوان متحرک سماجی کارکن فرحان آزاد کیانی نے مسلم ریسورس سنٹر کوونٹری سٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، فرحان کیانی نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ فلسطینی عوام کا تحفظ کیا جائے ،انھیں زندگی گزارنے کا حق دیا جائے اور فلسطینی عوام کو قابض افواج اور آباد کاروں کی دہشت گردی کے خلاف اپنی حفاظت کا حق دیا جائے، فلسطینی عوام کے بچوں کو اسرائیلی قبضے اور آباد کار گروہوں کے جرائم کیخلاف ثابت قدمی اور مزاحمت کے ساتھ زندہ رہنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ دنیا فلسطینی عوام کا ساتھ دے اور اسرئیل کا محاسبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر لیڈر نے تو فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی بات کر دی۔ فرحان کیانی نے کہا کہ ایسی پارٹی اور ایسے لوگوں کا مکمل بائیکاٹ کر نا چاہئے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آزاد امیدواران کو کامیاب بنائیں جو فلسطین کے حقوق کے حصول کیلئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مڈ لینڈ کے میئر کیلئے محمد یعقوب مضبوط اور نوجوانوں کا اصل لیڈر بن کر ابھرا ہے جو نوجوان نسل کے مستقبل اور روزگار کا ایک بڑا منصوبہ لے کر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ کمیونٹی انھیں کامیاب کرے اور زیادہ سے زیادہ ووٹ دے ۔سابق امیدوار برائے کونسلر راجہ ضیاء خان نے کہا کہ ہمارا مقصد اسلام کے اصل سنہری اصولوں سے عوام کو روشناس کروانا ہے ہمارا مقصد نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانا اور ترقی خوشحالی کی طرف لانا ہے۔ کمیونٹی آزاد امیدوار فرحان آزاد کیانی اور میئر کے امیدوار محمد یعقوب کو بھاری ووٹس سے کامیاب کر کے فلسطین دشمن انسانیت سے نفرت کرنے والوں کو عبرت ناک شکست دیں تقریب سے محمد یعقوب و دیگر نے بھی خطاب کیا اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا میں انصاف کے حصول کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے فلسطین کے عوام کو زندگی گزارنے کا حق دلوائیں، 2مئی ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اور آزاد امیدوار اپنی آزاد پالیسی کے تحت عوام مسائل حل کریں گے۔