برطانیہ میں ملازمتوں کے مواقع میں مسلسل 5 ویں مہینے کمی، بیروزگار نوجوان پریشان

April 30, 2024

لندن (پی اے) برطانیہ میں ملازمتوں کے مواقع میں مسلسل5ویں مہینے کمی کی وجہ سے بیروزگار نوجوان پریشان ہوگئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر بیروزگاروں کو اس سال ملازمت حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔ ملازمتوں سے متعلق سائیٹ Adzuna کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کے مواقع کی شرح میں 0.46فیصد کمی ہوئی ہے اور اس طرح مارچ میں ملازمت کے صرف 862,294 مواقع دستیاب تھے۔ مارچ میں دستیاب ملازمتوں کے مواقع میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ ملازمتوں کے مواقع میں اس کمی کے سبب بیروزگاری کی شرح 4.2 فیصد ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے اس وقت ہر دستیاب ملازمت کے مواقع پر 2بیروزگار دستیاب ہیں، یہ شرح اگست 2021سے بھی زیادہ ہے۔ ملازمتوں کے مواقع میں کمی سے پبلک ریلیشنز، ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ کے شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ملازمتوں کے مواقع میں فروری کے مقابلے میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ کمپنیوں نے مارکیٹنگ کیلئے اپنے اخراجات میں کمی کردی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ٹریڈ اور کنسٹرکشن کی ملازمتوں کے مواقع میں 8.2فیصد کمی ہوئی ہے۔ Adzuna کا کہنا ہے کہ کیمبرج اور ایکسٹر ملازمتوں کیلئے سب سے بہتر مقامات ہیں جبکہ بریڈفورڈ، روچڈیل اور مڈلز برامیں ملازمت کے مواقع سب سے کم ہیں اور ان علاقوں میں ملازمتوں کا حصول بہت مشکل ہے۔ بریڈ فورڈ میں ایک ملازمت کیلئے 7 بیروزگار حاضر ہوتے ہیں۔ Adzuna کے شریک بانی اینڈریو ہنٹر کا کہنا ہے کہ نئے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024 میں ملازمت کا حصول بدستور ایک مشکل مسئلہ بنا رہے گا۔ مارچ میں ملازمتوں کے مواقع میں مزید کمی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ ہوا اور ہر شعبے میں ملازمتوں کے حصول کیلئے سخت کوششیں کرنا ہوں گی۔ Adzuna نے یہ نہیں بتایا کہ ملازمتوں کے مواقع میں کب تک بہتری پیدا ہوسکے گی۔