بھارت کا جسٹن ٹروڈو کے خطاب کے دوران سکھ علیحدگی پسند نعروں پر احتجاج

April 30, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک )بھارت نے گزشتہ روز کینیڈا کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور ایک تقریب میں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے خطاب کے دوران سکھوں کے وطن کی حمایت میں علیحدگی پسند نعرے لگائے جانے پر گہری تشویش اور سخت احتجاج کا اظہار کیا۔تاہم، کینیڈا کی وزارت خارجہ نے اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سفارتی تعلقات گزشتہ سال اس وقت خراب ہوئے ،جب جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بھارتی ایجنٹوں کے جون 2023 میں کینیڈا کے شہری کے قتل سے ممکنہ طور پر تعلق کے معتبرانہ الزامات کی سرگرمی سے پیروی کر رہا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے اس طرح کے اقدامات پر گہری تشویش کا اظہاراور سخت احتجاج کیا ہے ،تقریب میں بلا روک ٹوک اس طرح کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔