چیف الیکشن کمشنر کیلئے 20 رینجرز جوانوں کی سیکورٹی میں تین ماہ کی توسیع

April 30, 2024

لاہور (آصف محمود بٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو دی گئی20جوانوں کی رینجرز سیکورٹی میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ جنگ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق سیکورٹی میں توسیع انسداد دہشت گردی 1997کے سیکشن 4اور7(B)کے علاوہ پاکستان رینجرز آرڈنینس 1959کے سیکشن 10کے تحت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی سیکرٹری سول آرمڈ فورسز کو تحریری طور آگاہ کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے دورہ پنجاب اور لاہور میں قیام کے دوران ان کی سیکورٹی کیلئے ہر وقت رینجرزکے 20جوان تعینات کرنے کے لئے 9جنوری کو احکامات جاری کئے گئے تھے جن کے تحت رینجرز 15فروری تک چیف الیکشن کمشنر کی سیکورٹی کے لئے تعینات کی گئی تھی ۔ چیف الیکشن کمشنر کی پنجاب میں سیکورٹی کے لئے الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو کہا تھا کہ انہیں رینجرز کا ایک سکواڈ دیا گیا ہے جو اسلام آباد کی حد تک ان کو اسکورٹ کرتا ہے۔