جیت کا سفر، ورلڈ کپ فاتح پاکستانی ٹیم نے ہیوسٹن کا نمائشی میچ جیت لیا

April 30, 2024

ہیوسٹن (افضل ندیم ڈوگر)جیت کا سفر، ورلڈ کپ فاتح پاکستانی ٹیم نے ہیوسٹن کا نمائشی میچ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کا دورہ کرنے والی ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 کی فاتح سابق پاکستانی ٹیم نے ہیوسٹن کے معروف موسیٰ اسٹیڈیم میں منعقدہ نمائشی میچ میں مقامی لیگ کی ٹیم نائیٹ رائیڈر یونائٹیڈ کو 10 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کے ٹاس سے قبل امریکی ریاست ٹیکسس اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ہیوسٹن کے موسیٰ اسٹیڈیم میں میڈیکل کئیر سینٹر آف ٹیکساس اور امیکس انٹر ٹینمینٹ کے زیر اہتمام منعقدہ نمائشی میچ میں سابق کپتان یونس خان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 175 رنز بنائے۔ فواد عالم ،کامران اکمل اور عبدالرزاق نے بالترتیب 48، 41 اور 36 رنز اسکورر کئے۔ سابق کرکٹ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے پاکستانی امریکنز کا سیلاب امڈ آیا۔ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سلیکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ نائٹ رائیڈر یونائٹیڈ امریکہ میں لیگ کھیلنے والی ٹیم ہے جس کے خلاف نمائشی میچ کھیل کر انجوائے کیا۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا تھا کہ نمائشی میچ میں جس طرح پاکستانیوں نے شرکت کرکے والہانہ خیر مقدم کیا اس سے محسوس ہوا کہ جیسے ہم پاکستان میں کھیل رہے ہیں۔ فاتح ٹیم کے سابق قومی کھلاڑیوں نے امریکی پاکستانیوں کو زبردست تفریح فراہم کی اور اپنے مداحوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ سابق ممتاز آل راؤنڈر شاہد آفریدی خواتین بچوں اور نوجوانوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ میڈیکل کئیر سینٹر آف ٹیکساس کی جانب سے گراونڈ میں شائقین کیلئے ہزاروں ڈالرز کے نقد انعامات بھی شائقین کو دیئے گئے۔ نمائشی میچ کے موقع پر ٹیکساس کے آغاز ریسٹورینٹ کی جانب سے گراونڈ میں شائقین کرکٹ کیلے لذیذ کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ نمائشی میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر ممتاز بزنس ٹائیکون ماجد رضوی، شوکت مریدیا اور نیشنل پروموٹر رافع علی نے نمائشی میچ کی فاتح ٹیم کے کپتان یونس خان کو ٹرافی پیش کی۔ سابق قومی کرکٹرز کے اعزاز میں لاس اینجلس، ہیوسٹن، ڈیلس اور ڈیٹرائیٹ میں میٹ اینڈ گریٹ پروگرام بھی منعقد کئے گئے۔