55 نئے پرائیوٹ اسکولوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری

April 30, 2024

فائل فوٹو

ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے جنوری سے اپریل کے دوران ڈائریکٹوریٹ میں نجی اسکولوں کی جانب سے رجسٹریشن اور ان کی تجدید کے لیے جمع کروائی گئی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے 55 نئے اسکولوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔

84 اسکولوں کی رجسٹریشن کی اسپیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تجدید کی گئی ہے اور 74 اسکولوں کو دستاویزات اور دیگر معاملات کی کمی کے باعث خطوط جاری کیے گئے ہیں

اس کے ساتھ ساتھ 10 نئے اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر کے ان اسکولوں کے مالکان کو خطوط جاری کر دیے گئے ہیں کہ وہ اپنے اسکولوں کو ایسی عمارتوں میں منتقل کریں جو محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے معیار پر پورا اترتی ہوں۔

اسی طرح 2 ہائر سیکنڈری اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو مسترد کر کے سیکنڈری اسکول اور 3 سیکنڈری اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو ایلیمنٹری اسکولز کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے کیوں کہ یہ اسکولز ہائر سیکنڈری اور سیکنڈری کے معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔

ڈائریکٹوریٹ نے گزشتہ چار ماہ میں والدین، طلبہ، اساتذہ اور دیگر ذرائع کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 318 درخواستوں میں سے 288 رولز کے مطابق حل کی ہیں جبکہ باقی درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔

اسی طرح والدین اور طلبہ کی جانب سے ان کے نام، والدکے نام، تاریخ پیدائش کی تصیح کے لیے جمع کروائی گئی 71 درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے آرڈر جاری کر دیے گئے۔