41 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر، سندھ حکومت تعلیمی اتھارٹی بنائیگی

May 01, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تمام پرائمری اسکولوں کو بتدریج پوسٹ پرائمری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ، سندھ میں 41 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، سندھ حکومت ان بچوں کی تعلیمی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنے کے لیے غیر رسمی تعلیم کی اتھارٹی بنائے گی،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے41 لاکھ اسکول سے باہر بچوں کو واپس اسکولوں میں لانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ تمام پرائمری اسکولوں کو بتدریج پوسٹ پرائمری اسکولوں میں اپ گریڈ کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے اوراسکول چھوڑنے والے بچوں کے تناسب کو کم کر کے انہیں مستقبل رکھنے کے حوالے سے اسکولوں کو باہم ایک دوسرے سے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس وزیراعلی ہاس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای)نے جنوری 2024 میں ایک رپورٹ شائع کی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں 26.2 ملین بچے اسکول سے باہر ہیں۔