خاتون اور ساتھی ملزم کو قتل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

May 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ڈکیتی مزاحمت پر خاتون اور ساتھی ملزم کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا‘غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ بھی درج ‘گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عدیل احمد چانڈیو نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آئی یو نے خفیہ اطلاع پر مگسی گوٹھ ملیر سٹی میں کارروائی کرتے دو اسٹریٹ کرمنلز مرتضیٰ اور نعمان کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان 17 اپریل 2024 کو جعفر طیارسوسائٹی امامیہ امام بارگاہ کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ عوام نے شور مچانا شروع کردیا جہاں ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس سے شاہدہ نامی راہ گیر خاتون اور رکشہ ڈرائیور نوید حسین زخمی ہوئے تھے۔ خاتون بعد ازاں دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی تھیں ۔ فرار ہونے کی کوشش میں ملزمان کا ایک ساتھی موٹر سائیکل کا توازن بگڑنے کے باعث گر گیا تھا جسے عوام نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ دونوں ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے واپسی موقع پر پہنچے اور اپنے زخمی ساتھی کو اٹھانے کی کوشش کی مگر ناکام ہوگئے جس پر ملزمان نے اپنے ساتھی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔