اگر ہمارا حق نہ دیا تو آپ چین سے نہیں بیٹھیں گے، علی امین گنڈاپور

May 02, 2024


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ اگر ہمارا حق نہیں دیا تو آپ چین سے نہیں بیٹھیں گے، صوبے کے لوگوں کا حق نہ دے کر یہ بھول کر رہے ہیں جب نکلوں گا تو پوری عوام لے کر نکلوں گا۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کہوں گا مجھے ہلکا نہیں لینا، جلد میرے صوبے کے پیسے دے دیں ورنہ میں آیا تو کوئی شکریہ بھی ادا نہیں کرے گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، ہمارا صوبہ ہمیشہ قربانیاں دیتا رہا ہے، تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، جو لوگ اور اضلاع پیچھے رہ گئے ہیں ان کو برابری کی سطح پر لائیں گے، صوبے کی محرومیوں کو دور کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اداروں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو، مجھ پر اور میری حکومت پر تنقید برائے اصلاح ضرور کر یں، ہمارے صوبے کو اس کا حق ملنا چاہیے، ویسے ہی جیسے ہم اپنے وسائل پورے ملک میں دیتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ میں اپنے صوبے کا حق ہر حال میں لوں گا، میں گھڑ سوار ہوں دنیا کی ہر طاقت کا اندازہ ہارس پاور سے لیا جاتا ہے، کرپشن کی روک تھام اورگڈ گورننس کےلیےقانون سازی کریں گے، آنے والی نسل کے لیے مثال پیش کروں گا قربانی دینی پڑی تو دینے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سرکار کا پیسہ ہے پہلی بار حساب کتاب شروع کیا ہے، مخصوص نشستوں کی وجہ سے اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جا رہا، ویلی پر رواں سال کام شروع ہوگا۔