شہریت کی درخواست کیلئے روس نے مسلم خواتین کو باحجاب تصویر کی اجازت دے دی

May 03, 2024

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے اپنے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے شہریت کی درخواست دینے والی غیر ملکی خواتین کو دستاویزات کے لیے حجاب والی تصاویر جمع کرانے کی اجازت دے دی۔روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے قانون کا اطلاق 5مئی سے ہوگا جس کے تحت شہریت کی درخواست دینے والی خواتین حجاب کے ساتھ اپنی تصاویر ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کراسکیں گی۔ روسی وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ اگر کسی درخواست گزار (خاتون) کے مذہبی عقائد اسے اجنبیوں کے سامنے سر ڈھانپے بغیر آنے سے روکتے ہوں تو وہ اپنی اسکارف والی تصاویر جمع کراسکتی ہےبیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ درخواست کے ساتھ فراہم کی گئی تصاویر میں چہرہ چھپا ہوا نہیں ہونا چاہیے اور ایسی تصاویر جن میں درخواست گزار کی ٹھوڑی مکمل یا جزوی ڈھکی ہوئی ہو وہ تصاویر بھی ناقابل قبول ہوں گی۔خیال رہےکہ روسی خواتین کو پہلے ہی سرکاری دستاویزات جیسے پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ورک پرمٹ وغیرہ کیلئے حجاب والی تصاویر استعمال کرنےکی اجازت ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہےکہ نئے قوانین درخواست گزاروں کو اپنے مذہبی عقائد پر عمل کرنےکی اجازت دینےکے ساتھ ریاست کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے رپورٹ کے مطابق سوویت دور میں تمام پاسپورٹ تصاویر حجاب کے بغیر جمع کرانےکی پابندی تھی تاہم سوویت یونین کی تحلیل کے بعد مسلم خواتین نے پاسپورٹ تصاویر میں حجاب کا استعمال شروع کردیا۔