برطانیہ میں غیر ملکی کیئر ورکرز کی درخواستوں میں 6 ماہ کے دوران 25 فیصد تک کمی

May 03, 2024

لندن (پی اے) غیر ملکی کیئر ورکرز کی درخواستوں میں 6ماہ کے دوران 25فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ سال اکتوبر سے رواں سال مارچ کے دوران 153,500ہیلتھ اور کیئر ورکرز نے ویزا کے لئے درخواستیں دیں ان میں 40,800اصل درخواستیں اور 112,700 زیر کفیل افراد کی درخواستیں شامل ہیں جبکہ گزشتہ سال اپریل سے ستمبر کے دوران 6ماہ کے دوران مجموعی طورپر 205,800درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 88,800اصل درخواستیں اور 117,000زیر کفیل افراد کی درخواستیں شامل تھیں۔ منگل کو شائع ہونے والے ڈیٹا سے ظاہرہوتاہے کہ گزشتہ سال اگست کے دوران سب سے زیادہ 41,600 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 18,300اصل درخواستیں اور23,300زیر کفیل افراد کی درخواستیں شامل تھیں اس کے بعد سے درخواستوں کی تعداد میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔حکومت نے قانونی طورپر برطانیہ آنے والے لوگوں کی تعداد میں کمی کرنے کیلئے گزشتہ ماہ امیگریشن کے قوانین میں مزید تبدیلیاں کی ہیں جس میں ورکرز کو اپنی فیملی برطانیہ لانے پر پابندی اور مائیگرنٹس کو بلانے کے خواہاں کیئر کی سہولت فراہم کرنے والوں پر کیئر کوالٹی کمیشن میں رجسٹریشن کی پابندی شامل ہے ۔ ہوم آفس کا کہناہے کہ ہیلتھ کیئر ویزا کی درخواستیں دینے والوں کے زیر کفالت افراد کے تعداد اصل کیئر ورکرز کی تعداد سے مسلسل زیادہ رہی ہے ہوم آفس کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہرہوتاہے کہ سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومت مسلسل اس بات کو واضح کرتی رہی ہے کہ زیر کفالت لوگوں کے ویزا کی درخواستوں کی تعداد اصل ورکرز کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے کیئر ورکرز پر زیر کفیل لوگوں کو ساتھ لانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرنا پڑا۔گزشتہ سال سوشل کیئر کے رہنمائوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاتھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انھوں نے تبدیلیوں پر آنکھیں بند کررکھی ہیں لیکن اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے کیونکہ اس سے لوگ اس شعبے سےدور ہوسکتے ہیں۔