میرے حلقے کے لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیئے، عابد رضا کوٹلہ

May 03, 2024

بارسلونا(جواد چیمہ)سابق رکن قومی اسمبلی صدر ڈویژن گوجرانوالہ مسلم لیگ ن چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے اعزازمیں چوہدری امانت حسین مہر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئر ٹریڈ کوآرڈینیٹربزنس یورپ اور حاجی راجہ اسد حسین صدر پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کی جانب سے مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ دیا گیا۔عشائیہ کا آغاز تلاوت قرآن مجیداور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا،نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق اور راجہ صدیق ضیاء نے انجام دیئے، پاکستانی کمیونٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے عشائیہ میں شرکت کی۔ چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے تقریب میں پہنچنے پر مسلم لیگی عہدیداران ، چوہدری امانت حسین مہر، چوہدری شعیب ورک،چوہدری محمد اشفاق باغانوالہ نے گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر خطاب میں چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے کہا کہ آپ جس کو بھی ووٹ دیں اس ووٹ کی حفاظت بھی کریں، چھپ چھپا کر ووٹ دینے سے حقیقی تبدیلی نہیں آ سکتی،ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد گھروں میں بیٹھ جانے سے ووٹ کی حفاظت نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ اگر میں جیتا ہوتا اور اس طرح ہرانے کی کوشش کی جاتی تو میں اپنے جانثاروں کے ساتھ احتجاج کرتا جسے دہائیوں تک یاد رکھا جاتا،میں نے خوش دلی سے اپنی شکست تسلیم کی،عمران خان اس وقت پاکستان کا مقبول ترین لیڈر ہے،میرے حلقے میں لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیئے،ایک دن آئے گا جب اقتدارسیاستدانوں کو منتقل ہوگا، صدر مسلم لیگ ن حاجی راجہ اسد حسین نے اپنے خطاب میں اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مسلم لیگ کے قائدین پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی جانب لے جائیں گے۔چوہدری عابد رضا کوٹلہ اور چوہدری شبیر کوٹلہ نے گجرات میں قبضہ مافیا کا خاتمہ کیا، ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ مسلم لیگ ن یورپ کے ٹریڈ کوآرڈینیٹر چوہدری امانت حسین مہر نے شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چوہدری عابد رضا کا اسپین دوسرا گھر ہے، ان کے ساتھ ہمارا بھائیوں والا تعلق ہے۔ مقامی شہر بادالونا کی سوشلسٹ پارٹی کے صدرفیرناندو کاریرا نے خطاب کرتے ہو کہا کہ ہم پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آنے والے انتخابات میں ہم کاتالان سے اگر کامیاب ہوئے تو پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ محمد اقبال چوہدری نے آخر میں دعا کرائی۔