کینیڈا: بینک فراڈ کیس، 12 افراد پر مقدمات درج

May 03, 2024

ٹورانٹو( بدر منیر چوہدری)کینیڈا کے شہر ٹورانٹو کی پولیس نے بینک فراڈ کیس میں پاکستانیوں سمیت 12 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ پولیس کے مطابق بینکوں میں جعلی دستاویزات پر سیکٹروں اکاؤنٹس کھولنے اور 40لاکھ ڈالر مالیت کے پیشگی قرضوں کی رقوم ہتھیانے کے جرائم میں 12افراد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں بیشتر کا تعلق پاکستانی کمیونٹی سے ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کئی سالوں سے ان کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان پر مجموعی 102جرائم عائد کیے گئے ہیں ملزمان نے اس دوران 680جعلی دستاویزات تیار کیں۔ملزمان سے سیکڑوں جعلی ڈیبیٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت 3 لاکھ کینیڈین ڈالر اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں حمزہ بیگ، حسنین اکرم، ظل علی چوہدری، راشد اقبال، رانا فیصل مسعود خان، انمول کھرانہ، فہد بن موفیظ، عثمان سیف، علی ثنا، میاں محمد سعود، سبط حسین سید اور معید تنویر شامل ہیں۔