تعلیم زندگی اور جہالت موت ہے، مولانا صدرعالم مصباحی

May 03, 2024

لندن (پ ر) بھارتی صوبہ کرناٹک کے شہر بنگلورکےمشہور دینی،تربیتی اوراقامتی ادارہ ’’جامعہ گلشن فاطمہ‘‘ میں تعلیمی سال کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مولانا حافظ وقاری محبوب رضا برکاتی (مدرس جامعہ ہٰذا) نے کی۔ نعت رسول مقبول ﷺکے حسین گلدستے جامعہ کی طالبات نے پیش کئے۔ نظامت کے فرائض حضرت حافظ وقاری احمدعلی بیگ نوری نے انجام دی۔ ماہردرسیات مولانا محمد صدر عالم قادری مصباحی نے طالبات کو نصیحت کی اور کہا کہ تعلیم زندگی ہے اور جہالت موت ہے، تعلیم سے زندگی سنورتی ہے اورجہالت سے امور بگڑتے ہیں، جہاں تعلیم ہے وہاں روشنی ہے اورجہاں جہالت ہے وہ اندھیر نگری ہے، تعلیم فطری چیزہے اور جس قوم نے اس فطرت کو قبول کیا وہ ترقی کرتی چلی گئی، اسی لئے کہتے ہیں کہ قوموں کی ترقی کا پہلا زینہ تعلیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی آمد سے قبل سرزمین عرب میں ساری برائیاں پائی جاتی تھیں، مذہب اسلام نے اس زمانہ کو زمانہ جاہلیت سے تعبیر کیا ہے، اس کا مطلب صاف ہے کہ تمام برائیوں، بے حیائیوں اور ناانصافیوں کا سرچشمہ جہالت ہے اور جہالت کا خاتمہ تعلیم سے ہی ممکن ہے، اسی لئے تعلیم کو مذہب اسلام نے بنیادی سرچشمہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک تعلیم گاہ ہے، ایک مدرسہ ہے، ایک سیکھنے کی جگہ، تمام انسان طالب علم ہیں، دنیا کی پیدائش ہی تعلیم کے مقصد سے ہوئی ہے، انہوں نے بانی جامعہ کو مبارک باد دیتے ہوئے جامعہ کے تعلیمی سال کے آغاز پر مسرت اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ جامعہ کے بانی سید صادق ارشاد (امام احمد رضا مومنٹ) نے کہا کہ مردو عورت کی تفریق کئے بغیر تعلیم سب پر ضروری ہے، سب پڑھیں، سب بڑھیں، یہی مذہب اسلام کا اولین حکم ہے، اللہ کے رسولﷺ پر جو سب سے پہلے وحی نازل ہوئی ’’پڑھئے‘‘ اور وحی نبوت کی زبان سے یہ فرمان بھی جاری ہوتا ہے کہ علم کاحاصل کرنا ہر مسلمان مردو عورت پر فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی نیت سب سے پہلے درست کریں کہ دین کو مکمل طور پر سیکھ کر سمجھ کر اس پرعمل کریں گے، سرکار دوعالم ﷺکی سنتوں پرچلتے ہوئے زندگی گزاریں گے اور اللہ رب العزت کو راضی کریں گے، اپنے قیمتی وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے نمازوں کی پابندی، حضور نبی اکرم ﷺ کی سنتوں کی پابندی، اسباق کی پابندی، وقت پرحاضری اور صفائی ستھرائی خصوصاً پاکی کا پورا خیال رکھیں گے۔ انہوں نے جامعہ کی تعمیرو ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صلوٰۃ وسلام اور مولانا صدر عالم مصباحی کی رقت انگیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر مولانا دادا پیر امجدی، مدثراحمد، نور احمد، سجاد پاشا قادری، محمد طارق امین ودیگر بھی موجود تھے۔