اوسلو: ’’بچوں کی تربیت میں والد کے کردار‘‘ پر سیمینار کا انعقاد

May 03, 2024

اوسلو(ناصراکبر)ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے علاقے بیونڈال میں ’’بچوں کی تربیت میں والد کے کردار کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر حلقہ ارباب ذوق ناروے کے تعاون سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پروجیکٹ کے ذمہ دار انجم وڑائچ نے بچوں کی پرورش میں والد کے کردار اور ذمہ داریوں کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اگر والد بچوں کی تربیت میں برابر کے شریک نہ ہوں تو بچوں کی صحیح تربیت نہیں ہو پاتی اور کئی خامیاں رہ جاتی ہیں۔ سیمینار کے ساتھ مشاعرے اور محفل موسیقی کا بھی انعقاد کیا گیا،مشاعرے کی نظامت شاعر آفتاب وڑائچ اور ادکارہ ارم حسن نے کی جب کہ صدارت شاعر مسعود منور نے کی۔ مشاعرے میں سید فواد شاہ، طلعت محمود بٹ، فرح تبسم، مینا جی، سونیا خان اور فیصل ہاشمی نے اپنے کلام پیش کئے اور داد تحسین حاصل کی ۔آخر میں سُر اور تال میوزک گروپ کے آصف مسیح اور چاند مسیح نے موسیقی پیش کی۔ سیمینار میں تارکین وطن کے علاوہ نارویجین کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔